پنجاب میں 50لاکھ افراد کو نوکریاں دینے کا منصوبہ منظور

  پنجاب میں 50لاکھ افراد کو نوکریاں دینے کا منصوبہ منظور

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،جنرل رپورٹر)پنجاب میں 50 لاکھ افراد کو نوکریاں دینے کیلئے مواقع پیدا کرنے کے منصوبے کی منظوری دیدی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس رائز پنجاب منصوبے کے ابتدائی فریم و رک کی منظوری دی گئی۔سردارعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بدلتی صورتحال کے تناظرمیں رائز پنجاب کا پلان مرتب کیا ہے، ترقیاتی سکیموں، بزنس و سرمایہ کاری کے فروغ کا پلان تیارکر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث نئی ترجیحات کا تعین کرنا وقت کا تقاضا ہے، رائز پنجاب کے تحت صحت،تعلیم اورسماجی تحفظ کیلئے بھی لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے، نئی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سماجی تحفظ کے لیے بھی پوری توجہ اور انفرادیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے تمام محکموں میں 50 نکات پر مشتمل اہم منصوبہ تیار کیا ہے، منصوبے کے تحت پنجاب میں فوری 50لاکھ افراد کونوکریاں فراہم کرنے کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کی روشنی میں سرکاری اسکولز میں آن لائن ایجوکیشن پراجیکٹس شروع کیے جائیں گے، سرکاری سکولوں میں ایک ہزار سائنس لیبارٹریز کے لیے عمارتیں بنائی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق رائز منصوبے کے تحت پنجاب میں 100ماڈل سکولز، 2ہزار کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے،ذرائع رائز پروگرام کو آئندہ بجٹ 2020میں شامل کیا جائے گا۔

نوکریاں منظوری

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے وطن عزیز کو غیرمعمولی حالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اس صورتحال کے تناظر میں پنجاب حکومت نے کورونا کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر موثر اقدامات کئے ہیں۔ وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں عوامی نمائندوں کا کردار خصوصی اہمیت رکھتا ہے اورمشترکہ کاوشوں اور اجتماعی حکمت عملی سے اس مرض پر جلد قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی کے نام خط میں امید ظاہر کی کہ اراکین قومی اسمبلی اپنی تمام ترکوششیں کورونا سے نمٹنے کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بے روزگاری کا سامنا کرنیوالے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق مالی دشواریوں کا شکار طبقے کیلئے مالی امداد کا سب سے بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خط میں مزیدکہا کہ موجودہ صورتحال میں آپ کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ اپنے اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔عوامی نمائندے ذخیرہ اندوزوں اورگراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی مانیٹرنگ کا فریضہ سرانجام دیں اور انسداد ڈینگی اورکلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔ ہسپتالوں کا دورہ کر کے مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولتوں کا بھی جائزہ لیں۔عوام کی مشکلات کے تدارک اوران کے مسائل کے حل میں آپ بھرپور کردار ادا کریں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -