لاہور ہائی کورٹ کی وکلا ء کو امداد کی فراہمی کیلئے حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت

لاہور ہائی کورٹ کی وکلا ء کو امداد کی فراہمی کیلئے حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان کے روبرو وکلاء کو فنڈز کی عدم فراہمی کے خلاف کیس میں عدالتی حکم پر قائم کمیٹی نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے وکلاء کے لئے 13کروڑ روپے کی امدادی رقم کی منظور ی دے دی ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو وکلاء کے لئے فنڈز مختص کرنے کے معاملہ پرایک ہفتہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔لاہورہائی کورٹ بار ایسوس ایشن کی طرف سے دائراس درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو عدالتی حکم پر قائم کمیٹی کے سربراہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد شان گل،اعظم نذیر تارڑ،محمد احسن بھون اور پنجاب بارکونسل کے وائس چیئرمین سمیت دیگر ارکان نے عدالت کو پنجاب حکومت کی امدادی رقم کی منظور ی کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا جبکہ وفاقی حکومت کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے وکلاء کو فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کے لئے مہلت طلب کی۔درخواست میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے باعث وکلاء بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ وکلاء وکالت کے علاوہ کوئی کاروبار بھی نہیں کر سکتے۔ان حالات میں وکلاء شدید مالی بحران کاشکار ہیں استدعاہے،حکومت کو دیگرشعبوں کی طرح وکلاء کے لئے بھی ریلیف فنڈ جاری کرنے کی ہدایت کی جائے۔دریں اثناء لاہورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وکلاء کے لئے کورونافنڈکی فراہمی کے بعدخواہش مند وکلاء سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

سماعت ملتوی

مزید :

صفحہ آخر -