کورونا سمیت دیگر وائرس کی تشخیص کیلئے لاہور میں جدید سرکاری لیبارٹری قائم

  کورونا سمیت دیگر وائرس کی تشخیص کیلئے لاہور میں جدید سرکاری لیبارٹری قائم

  

لاہور (جاویداقبال) صوبائی دارالحکومت میں واقع انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے والی جدید لیب کام قائم کردی گئی،سٹیٹ آف دی آرٹ لیب روزانہ 400 مریضوں کے ٹیسٹ کرسکے گی،کورونا کے علاوہ اگر کوئی دوسرا وائرس نمودار ہوا توجدید لیب اس کا بھی ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کی تعداد بڑھانے کیلئے جنگی بنیادوں پر جدید لیبارٹری صرف10 دن میں قائم کی گئی،ذرائع کے مطابق لیبارٹری کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ صرف دو گھنٹوں میں فراہم کررہی ہے۔ اس حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کی سربراہ نے بتایاکہ وزیراعلی اور وزیر صحت اور سیکرٹری ہیلتھ کی خصوصی دلچسپی سے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیب قائم کی گئی ہے جس نے آزمائشی طور پر کام شروع کر دیا ہے اور آزمائشی بنیادوں پرروزانہ200سے زائد مریضوں کے مفت ٹیسٹ کے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم براہ راست ٹیسٹ کرنے کے مجاز نہیں،ہسپتالوں کی جانب سے ریفر کئے گئے مریضوں کے ٹیسٹ کئے جائینگے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدیدلیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح جلدصوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کریں گی۔

جدید لیبارٹری

مزید :

صفحہ آخر -