پنجاب میں کورونا سے نمٹنے کیلئے ماہرین کاورکنگ گروپ بنانیکا فیصلہ

  پنجاب میں کورونا سے نمٹنے کیلئے ماہرین کاورکنگ گروپ بنانیکا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ پنجاب میں کورونا وباء کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پنجاب کابینہ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہو اجس میں آئی جی پولیس،چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ اداروں کے سربراہ بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں کورونا کیخلاف احتیاطی تدابیر اور رمضان المبارک کے دوران کیے جانے والے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں مساجد کیلئے جاری 20 نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد، کورونا وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے ٹیسٹنگ میں اضافہ کرینگے۔ اس ضمن میں ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا، راجہ بشارت نے لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہری گھروں میں رہیں۔ غیر ضروری طور پرباہر نکلنے سے گریز کیا جائے، پنجاب حکومت کے اقدامات صوبے کے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے ہیں۔ کورونا متاثرہ مریضوں کو معیاری کھانے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کھانے میں نیوٹریشن ویلیوز کا خیال رکھا جائے گا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب تک کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5640 ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں 120 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک 73 ہزار ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ٹیسٹنگ کی استعداد کو بتدریج بڑھا رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
کابینہ اجلاس

مزید :

صفحہ آخر -