چائے کی درآمدات میں نو ماہ کے دوران 16فیصد کمی

      چائے کی درآمدات میں نو ماہ کے دوران 16فیصد کمی

  

اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں چائے کی درآمدات میں جاری مالی سال کی ابتدائی تین سہ ماہیوں میں 15.61 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ء تا مارچ 2020ء چائے کی درآمد پرپاکستان نے 376.240 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 15.61 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں چائے کی درآمدات پرپاکستان نے 445.816 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف کیا تھا۔ مقداری لحاظ سے اس عرصہ میں چائے کی درآمدمیں 8.68 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی، جاری مالی سال میں 155.528 میٹرک ٹن چائے کی درآمدریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 170.311 میٹرک ٹن چائے کی درآمد ریکارڈکی گئی تھی۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال میں اشیائے خوراک کی درآمدات میں مجموعی طورپر7 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ مالی سال کی ابتدائی تین سہ ماہیوں میں خوراک کی اشیاء کادرآمدی بل 3.963 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں اشیاء خوراک کا درآمدی بل 4.261 ارب ڈالر رہا تھا۔

مزید :

کامرس -