چھوٹے کاروبار اداروں کیلئے ریلیف پیکیج خو ش آئند ہے: محمد احمد وحید

  چھوٹے کاروبار اداروں کیلئے ریلیف پیکیج خو ش آئند ہے: محمد احمد وحید

  

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے 75ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے اور تاجر برادری اس کا خیر مقدم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں اس ریلیف پیکج کا اعلان حکومت کی ان کاوشوں کا عکاس ہے جو وہ کاروباری برادری کی بہتری کیلئے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکج سے ملک کے تقریبا 35لاکھ چھوٹے کاروباری ادارے مستفید ہو سکیں گے جن سے ان کی مشکلات میں کمی ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔محمد احمد وحید نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے کاروباری اداروں کو مئی، جون اور جولائی کیلئے بجلی کے بلوں میں بھی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے جو ایک مثبت فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے مطابق 5KWکنکشن والے کاروبار اور 70KWکنکشن والے صنعتی اداروں کو تین ماہ کا بل نہیں دینا پڑے گا جس سے 95فیصد کمرشل اور 80فیصد صنعتی کنکشنز کو فائدہ ہو گا اور ان کاروباری اداروں کی مشکلات کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگلے مرحلے میں کاروباری اداروں کو بلاسود اور بلا ضمانت قرضے فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے جو کافی حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے تمام کاروباری اداروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ان کو جلد بلا سود اور بلا ضمانت قرضے فراہم کرنے پر غور کرے تا کہ وہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں سہولت محسوس کریں۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں کاروباری اداروں کو ریلیف فراہم کرنے کا ایک بہتر طریقہ پالیسی ریٹ اور سیلز ٹیکس میں مزید کمی کرنا ہے۔

لہذا انہوں نے تجویز دی کہ حکومت پالیسی انٹرسٹ ریٹ اور سیلز ٹیکس کو مزید کم کر کے کم از کم پانچ فیصد تک لانے کی کوشش کرے جس سے کاروباری کی لاگت میں نمایاں کمی ہو گی اور مہنگائی کم ہونے سے عوام کو بھی کافی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں تاجر برادری حکومت کے ہر اچھے اقدام کی بھرپور حمایت کرتی ہے کیونکہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر ہی معیشت کو مسائل سے نکال کر بہتری کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کاروباری اداروں کیلئے اگلے مرحلے کے پیکج کا اعلان کرے تا کہ باہمی مشاورت اور متفقہ فیصلوں سے معیشت کو جلد مشکلات سے نکال کر بحالی و ترقی کی راہوں پر ڈالا جا سکے۔

مزید :

کامرس -