9ماہ میں پال آئل اور سویا بین آئل کی درآمدات 1.4ارب ڈالر
اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران پام آئل اور سویابین آئل کی درآمدات 1.4 ارب ڈالر رہی ہیں۔ پاکستان پام آئل کی 75 فیصد درآمدات ملائیشیا سے کرتا ہے۔ پام آئل کی درآمد کے حوالے سے ملائیشیا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ خوردنی تیل کی صنعت کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوردنی تیل کی سالانہ طلب 5 ملین ٹن ہے۔ خوردنی تیل کی ضروریات کی تکمیل کیلئے پاکستان تین ملین ٹن پام آئل درآمد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ دو لاکھ ٹن سے زیادہ سویابین آئل بھی درآمد کیا جاتا ہے۔ ملکی طلب اور رسد کے فرق کو پورا کرنے کیلئے مقامی طور پر پیدا ہونے والے سویابین اور سورج مکھی سے خوردنی تیل کشید کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیل دار اجناس کے زیرکاشت رقبہ میں اضافہ کرکے تیل دار اجناس کی پیداوار کے فروغ سے درآمدات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کی جا سکتی ہے۔