کپاس کی منظور شدہ بیج پر کروڑوں روپے کی سبسڈی جاری

کپاس کی منظور شدہ بیج پر کروڑوں روپے کی سبسڈی جاری

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق صوبہ میں کپاس کی بوائی کا عمل جاری ہے اور رواں سیزن محکمہ زراعت کی طرف سے صوبہ میں 45 لاکھ ایکڑ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جسے یقینی بنانے کیلئے محکمہ پوری تندہی سے کام کر رہا ہے۔امسال حکومت پنجاب کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی منظور شدہ اقسام آئی یو بی2013،ایف ایچ142،بی ایس15،ایم این ایچ886،نیاب878، نیاب کرن پر کاشتکاروں کو کروڑوں روپے سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔اس ضمن میں 10کلوگرام بْروالے اور6 کلوگرام بغیر بْر والے بیج کے تھیلے پر1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی کی فراہمی جاری ہے۔یہ سبسڈی بہاولپور،ڈیرہ غازی خان،ملتان،فیصل آباد ڈویڑن،میانوالی اور بھکر اضلاع کے کاشتکار حاصل کر سکتے ہیں۔سبسڈی تھیلوں میں موجود واؤچر کے ذریعے کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔کاشتکار رجسٹریشن کیلئے محکمہ زراعت (توسیع) کے مقامی دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔کاشتکار سبسڈی کے حصول کیلئے قریبی مرچنٹ سے واؤچر والا تھیلہ طلب کریں۔ایک کاشتکار زیادہ سے زیادہ دو تھیلوں پر سبسڈی حاصل کر سکتا ہے۔کاشتکار مزید معلومات کیلئے بروز سوموار تا جمعہ صبح10بجے سے شام4بجے تک زرعی ہیلپ لائن کے نمبر0800-17000پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امسال حکومت پنجاب کاشتکاروں کو گندم کی طرح کپاس کی بہتر قیمت دلوانے کیلئے پْر عزم ہے لہذٰا کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کر کے جاری سبسڈی سے فائدہ اٹھائیں۔

مزید :

کامرس -