اٹھارہویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،مولا بخش چانڈیو

  اٹھارہویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،مولا بخش چانڈیو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،پارلیمنٹ،صوبوں کو اختیارات اور این ایف سی کسی نے بھیک میں نہیں دیئے۔اپنے ایک بیان میں سیکریٹری اطلاعات پی پی پی اور مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کی عبارت شہید بی بی، سینکڑوں جیالوں اور جمہوریت پسندوں کے خون سے لکھی گئی،سلیکٹڈ بھول جائے کہ وہ پارلیمنٹ اور صوبوں سے اختیارات واپس لے سکتے ہیں،اٹھارہویں ترمیم آئین ہے، متفقہ آئین جو پارلیمنٹ نے بنایا،اٹھارہویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، پارلیمنٹ،صوبوں کو اختیارات اور این ایف سی کسی نے بھیک میں نہیں دیئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کو چھیڑنا آئین اور وفاق سے غداری ہوگا، صوبے کسی طور پر بھی اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ کورونا کی وبا سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے سوشے چھوڑے جا رہے ہیں،اگر کسی کے دماغ میں ذرہ سا بھی خیال ہے تو وہ نکال دے،اٹھارہویں ترمیم پر بات ہوگی مگر پارلیمنٹ اور صوبوں کی مزید خود مختاری کیلئے ہوگی،بات ہوگی اس پارلیمانی جمہوری نظام کی تکمیل کی جس کا بابائے قوم نے وعدہ کیا تھا،بات ہوگی تو اس آئینی نظام کے مکمل ہونے کی جس کیلئے بھٹو اور بی بی شہید نے قربانی دی۔انہوں نے کہاکہ ہر بحران سے توجہ ہٹانے کیلئے نیا بحران پیدا کرنا عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے، عمران خان کو یہ سوچ مہنگی پڑے گی،خان صاحب آپ اپنی معاشی، سیاسی ناکامیوں اور کورونا کے بحران کو چھپانے کیلئے یہ حرکتیں کر رہے ہیں،خان صاحب کو مفت مشورہ دیتا ہوں کہ کورونا پر توجہ دیں،پارلیمنٹ کو بے اختیار کرنے کا خواب آمر پورا نہ کر سکے آپ تو پھر بھی سلیکٹڈ ہو۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -