کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والی خاتون ڈاکٹر نے خود کشی کرلی

کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والی خاتون ڈاکٹر نے خود کشی کرلی
کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والی خاتون ڈاکٹر نے خود کشی کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) نیویارک میں سینکڑوں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والی خاتون ڈاکٹر نے خودکشی کر لی۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق 49سالہ لورنا ایم برین نامی یہ ڈاکٹر نیویارک پریسبائٹیرین ایلن ہاسپٹل کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتی تھی اور شارلٹس ول کے علاقے میں اپنے خاندان کے ساتھ مقیم تھی جہاں گزشتہ رات اس نے خودکشی کر لی۔ اس کے گھر والوں نے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے اسے یو وی اے ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ موت کے منہ میں چلی گئی۔ ڈاکٹر لورنا کس طریقے سے خودکشی کی، اس کے خاندان اور ڈاکٹروں کی طرف سے یہ بات مخفی رکھی گئی ہے۔
ڈاکٹر لورنا کے والد ڈاکٹر فلپ سی برین کا کہنا تھا کہ ”ہماری بیٹی ہسپتال سے جب گھر آتی تھی تو کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے ایسے واقعات سناتی کہ جنہیں سن کر کوئی بھی ہوش کھو بیٹھے۔ وہ ہمیں بتاتی کہ کس طرح ہسپتال کے کوریڈور لاشوں سے بھرے پڑے ہیں۔ وہ اپنی ڈیوٹی کر رہی تھی لیکن اسی ڈیوٹی نے اس کی جان لے لی۔“ ڈاکٹر فلپ نے بتایا کہ ”ہسپتال میں کام کرتے میری بیٹی کو بھی کورونا وائرس لاحق ہو گیا تھا۔ تاہم وہ صحت مند ہو گئی اور ڈیڑھ ہفتے بعد واپس ڈیوٹی پر چلی گئی لیکن ہسپتال والوں نے اسے واپس گھر بھیج دیا۔ اسے ماضی میں کوئی ذہنی بیماری کبھی لاحق نہیں رہی لیکن کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے کے دوران اس کی ذہنی حالت بہت مشکوک ہو گئی تھی اور صاف پتا چلتا تھا کہ وہ ذہنی طور پر مستحکم نہیں رہی۔“