نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس کو شکست دے دی، یہ کیسے کیا؟ آپ بھی جانئے

نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس کو شکست دے دی، یہ کیسے کیا؟ آپ بھی جانئے
نیوزی لینڈ نے کورونا وائرس کو شکست دے دی، یہ کیسے کیا؟ آپ بھی جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ویلنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ایک پریس بریفنگ میں کورونا وائرس کے خلاف فتح کا اعلان کیا، جس سے نیوزی لینڈ اس موذی وباءکو شکست دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔ وزیراعظم آرڈرن نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے مقامی سطح کے تمام مریض صحت یاب ہو گئے ہیں اور ملک سے وائرس کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے۔ اس خوش خبری کے ساتھ ہی وزیراعظم نے ملک میں لاک ڈاﺅن میں نرمی لانے کا بھی اعلان کر دیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کی کورونا وائرس کے خلاف فتح کا سہرا انتہائی سخت لاک ڈاﺅن کے سر جاتا ہے۔ وہاں حکومت نے لگ بھگ 5ہفتوں سے مکمل لاک ڈاﺅن کر رکھا تھا جو کہ چوتھے اور انتہائی لیول کی پابندیوں کا حامل تھا۔ اس لاک ڈاﺅن میں انتہائی ناگریز سروسز چالو رہیں، باقی کاروبار زندگی معطل رہا۔
اب کورونا وائرس کے خلاف فتح کا اعلان کر دینے کے باوجود لاک ڈاﺅن کو قدرے نرم کرکے لیول تین پر لایا گیا ہے۔ لیول تین میں کچھ مخصوص قسم کے کاروبار، ہوم ڈلیوری دینے والی کھانے پینے کی اشیاءکی دکانیں اور سٹور اور سکول وغیرہ کھلیں گے۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے لاک ڈاﺅن میں اس نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”اگرچہ ملک سے وائرس ختم ہو گیا ہے لیکن ہمیں پھر بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ابھی لاک ڈاﺅن کو تیسرے لیول پر لایا گیا ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ نارمل زندگی کب تک شروع کی جا سکے گی۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ کورونا وائرس سے پہلے والی زندگی واپس آئے اور لوگ بے خوف ایک دوسرے سے مل جل سکیں لیکن ہمیں اس زندگی میں واپس جانے کے لیے انتہائی آہستہ اور محتاط سفر طے کرنا ہو گا اور ہر قدم پھونک پھونک کر اٹھانا ہو گا۔“واضح رہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کا صرف ایک کیس سامنے آیا جس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1122ہو گئی۔ اب تک ملک میں کورونا وائرس سے 19اموات ہوئی ہیں۔