کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے انتظامیہ متحرک
پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور تمام اضلاع کی انتظامیہ متحرک ہے اور اس سلسلے میں صوبہ بھر میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں جن کے تحت مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 19038 کاروائیاں کی گئیں جن میں,204 کاروباروں کو سیل جبکہ 5554 افراد اور کاروباروں کو ایس او پیز خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی گئی اس کے علاوہ851 افراد اور کاروباروں پر جرمانے عائد کرکے 6 لاکھ 87 ہزار 941 روپے جرمانے وصول کئے گئے ہیں جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 275 افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کئے گئے ہیں۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کاروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صوبہ بھر میں 15 گاڑیاں حکومتی تحویل میں لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کورونا سے بچاوٗ اور عوام کی حفاظت کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے گی کیونکہ عوام کی صحت اولین تر جیح ہے انہوں نے عوام پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کرکے کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔ کامران بنگش نے کہا ہماری معاشی حالت ہمیں اجازت نہیں دیتا کہ ہم مکمل لاک ڈاون کی طرف جائیں۔ ہم نے معیشت کا پہیہ بھی چلانا ہے اور کورونا سے بھی محفوظ رہنا ہے اور یہ تب ممکن ہے جب احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل درآمد کیا جائے بصورت دیگر حکومت مجبور مکمل لاک ڈاون کی طرف جائیگا۔