بیوی کے انکار پر سفاک شخص نے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر اجمیر میں ایک سفاک شخص نے رقم دینے سے انکار پر بیوی کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا اور 13سالہ بیٹی کو لے کر فرار ہو گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 28سالہ ملزم کا نام رضوان بتایا گیا ہے جو الہٰ آباد کا رہائشی ہے۔ وہ اپنی 25سالہ بیوی شاہین، اپنی ساس اور 13سالہ بیٹی کے ہمراہ دہلی گیٹ کے قریب کمارہ محلہ میں مقیم تھا جہاں اس نے یہ گھناﺅنی واردات کی۔ملزم خادم محلہ میں ایک ہوٹل پر کام کرتا تھا تاہم کورونا وائر س کی وباءکی وجہ سے وہ کئی ماہ سے بے روزگار ہو چکا تھا۔ اس کی اہلیہ شاہین گھریلو ملازمہ تھی اور اس کی ملازمت برقرار تھی۔ رضوان شراب اور دیگر منشیات کی لت میں مبتلا تھا، جس کے لیے اس نے اپنی بیوی سے پیسے مانگے اور اس کے انکار پر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
شاہین کی والدہ شاہدہ گھر سے باہر گئی ہوئی تھی، وہ جب واپس آئی تو اس کی بیٹی کی لاش خون میں لت پت فرش پر پڑی تھی اور اس کا داماد اور نواسی گھر سے غائب تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔