لاہور ہائیکورٹ آمد پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی گرفتاری کا خدشہ، پولیس ہائیکورٹ کے گیٹ پر پہنچ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور ہائیکورٹ آمد پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی گرفتاری کا خدشہ پیدا ہو گیا، تھانہ پرانی انارکلی کے ایس ایچ او اہلکاروں کے ساتھ جی پی او چوک پہنچ گئے ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے وکیل اور ایس ایچ او کی ہائیکورٹ گیٹ پر تلخ کلامی بھی ہوئی ۔
وکیل عامر سعید راں نے کہا کہ سیکرٹری اسمبلی پیشی کیلئے عدالت آئے ہیں ، پولیس کیوں ان کے گرد گھوم رہی ہے ، غیر قانونی گرفتاری کرنے کی کوشش کی تو عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔
سیکرٹری اسمبلی گرفتاری کے خدشے کے باعث اسمبلی وکلاء کے ہمراہ واپس ہائیکورٹ آگئے ، سیکرٹری اسمبلی نے مدد کیلئے پنجاب اسمبلی کی سیکیورٹی کو طلب کرلیا۔سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے موجودہ صورتحال پر وکلاء سے قانونی مشاورت کی ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی نظر بندی کا حکم جاری ہو چکا ہے ، نظر بندی کے حکم پر عملدرآمد کیلئے پولیس ہائیکورٹ کے باہر پہنچی ، نظر بندی کے احکامات محکمہ داخلہ پنجاب نے جاری کئے ۔
سیکرٹری اسمبلی ہائیکورٹ میں رہتے ہوئے نظر بندی کو آج چیلنج کریں گے ۔خیال رہے کہ ڈپٹی سیکرٹری کو آرڈینیشن پنجاب اسمبلی کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے ۔