بھارتی بورڈ کی ڈریوڈ اور گوتم کو پدما بھوشن اور پدما شری ایوارڈ دینے کی سفارش

بھارتی بورڈ کی ڈریوڈ اور گوتم کو پدما بھوشن اور پدما شری ایوارڈ دینے کی سفارش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز راہول ڈریوڈ اور گوتم گمبھیر کو بالترتیب پدما بھوشن اور پدما شری ایوارڈز دینے کی سفارش کی ہے۔ بھارتی بورڈ کے ترجمان کے مطابق بورڈ کے صدر این سری نواسن اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے مکمل غور و خوض کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے نام ایوارڈز کیلئے حکومت کو بھجوا دیئے ہیں، مایہ ناز اوپنگ بیٹسمین گوتم گمبھیر پدما بھوشن ایوارڈ کے مضبوط امیدوار ہیں، وہ تسلسل کے ساتھ تینوں فارمیٹ کی کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے 2011 ورلڈ کپ کے فائنل میں 97 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا، وہ اس سے قبل ارجنا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ سابق مایہ ناز بلے باز راہول ڈریوڈ کی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں نمایاں خدمات ہیں۔ انہوں نے دونوں طرز کی کرکٹ میں مجموعی طور پر 24 ہزار سے زائد رنز سکور کئے ہیں، ان کی ٹیسٹ میں سنچریوں کی تعداد 36 اور ون ڈے میں 12 ہے، اس سے قبل وہ راجیو خیل رتنا ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پدما بھوشن بھارت رتنا اور پدما وبھوشن کے بعد بھارت کا تیسرا بڑا سول اعزاز ہے، اس سے قبل سنیل گواسکر، کیپل دیو اور لالہ امرناتھ سمیت نو کرکٹر یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں، سچن ٹنڈولکر واحد کرکٹر ہیں جنہیں دوسرے بڑے سول اعزاز پدما وبھوشن سے نوازا گیا۔