پنجاب میں شفافیت اور میرٹ کا نیا کلچر متعارف کرایا ،عالمی ادارے بھی معترف ہیں :شہباز شریف

پنجاب میں شفافیت اور میرٹ کا نیا کلچر متعارف کرایا ،عالمی ادارے بھی معترف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار برس کے دوران عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جس انقلابی ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیاہے اس کے نتیجے میں آج صوبہ بھر میں مختلف منصوبوں کا جال بچھا نظر آتا ہے- سب سے اہم بات یہ ہے کہ پچھلے دور کی لوٹ مار کے برعکس شفافیت اور میرٹ کا ایک نیا کلچر متعارف کرایا گیا ہے- تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں مربوط حکمت عملی کے تحت مرحلہ وار بہتری لائی گئی ہے- اگر وفاقی حکومت کی نااہلی سے لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط نہ ہوتا تو ترقی کے ثمرات زیادہ بہتر انداز میں عوام تک پہنچتے- مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات میں وزیراعلی نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو ہمارے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ تھی کہ ہر شعبے میں سابق حکومت کی کرپشن کے قبرستان موجود تھے- کرپشن، لوٹ مار، بددیانتی اور ڈنگ ٹپاﺅ کے کلچر نے ہر طرف پنجے گاڑ رکھے تھے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے ثابت قدمی کے ساتھ ان معاشرتی ناسوروں کا مقابلہ کیا اور بدانتظامی کے ان قبرستانوں کو اچھی طرز حکمرانی سے ترقی کے میناروں میں تبدیل کیا گیا ہے- یہی وجہ ہے کہ آج ٹرانسپرنسی جیسے بین الاقوامی ادارے بھی پنجاب میں گڈ گورننس کی گواہی دے رہے ہیں- وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دے کر کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کیا گیا ہے اور آج ساڑھے چار برس کے بعد پنجاب حکومت کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں بلکہ آج ہم اپنے سینے پر میرٹ اور شفافیت کا تمغہ سجائے عوام کی عدالت میں سرخرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، دانش سکول سسٹم، لیپ ٹاپ سکیم، ذہین طلباءو طالبات کے غیر ملکی مطالعاتی دورے، آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، نوجوانوں کے لئے خود روزگار سکیم ، میڈیکل کالجز کا قیام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے انقلابی اقدامات سے آج صوبے کے لاکھوں عوام اور نوجوان مستفید ہو رہے ہیں- وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ برس ڈینگی کے غیر متوقع شدید حملے سے جو مسائل پیدا ہوئے تھے اس کے مناسب تدارک کے لئے رواں سال جامع منصوبہ بندی اور ٹھوس انتظامات کئے گئے ہیں اور منتخب نمائندوں، عوام اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے تعاون سے سرکاری مشینری کو پوری طرح فعال کردیا گیا ہے- انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ڈینگی کے حملے سے نمٹنے کے لئے متعلقہ محکموں کو جو تجربہ حاصل ہوا تھا اسے بروئے کار لاتے ہوئے اس موذی وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا رہا ہے- انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کے مختلف ٹاﺅنز میں قائم کی گئی ایمرجنسی رسپانس کمیٹیاں مشتبہ مقامات پر ڈینگی لاروے کے تدارک کے لئے اقدامات کر رہی ہیں- الحمداللہ موجودہ سیزن کے دوران ابھی تک صورت حال کنٹرول میں ہے اور آئندہ بھی عوام کے تعاون سے ہم اس مسئلے سے سماجی سوچ میں تبدیلی لا کر نمٹیں گے-ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں نے لوڈشیڈنگ کے معاملے میں پنجاب سے غیر منصفانہ سلوک پر وزیراعلی شہباز شریف کے جراتمندانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام آئندہ انتخابات میں ایسے عناصر کو مسترد کردیں گے جنہوں نے اپنے پورے دور حکومت کے دوران بجلی کی پیداوار جیسے اہم معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی اور لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کرنے کا جرم کیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -