رواں ہفتے مون سون بارشوں میں کمی واقع ہو گی، مجاہد شیر

رواں ہفتے مون سون بارشوں میں کمی واقع ہو گی، مجاہد شیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجاہد شیر دل نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ کے دوران مون سون بارشوں کے سلسلے میں کمی واقع ہو گی اور رفتہ رفتہ یہ سلسلہ ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام دریا پہاڑی و برساتی نالے و ندیاں معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ صوبہ کے کسی بھی دریا میں کسی قسم کے سیلاب کی کیفیات موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ اور جھنگ میں دریاﺅں اور برساتی نالوں بارے غلط اطلاعات وہاں پر موجود مقامی چینلز کے نمائندوں نے عوام تک پہنچائیں مگر مقامی انتظامیہ انہیں جب سائیٹ پر لے کر گئی تو وہاں پر ایسا کچھ نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ میں دریائے چناب کے قریب خانووانہ دریا سے تقریباً تین تا چار کلومیٹر دور ہے۔ وہاں پر کسی قسم کے سیلاب کا پانی موجود نہ تھا جبکہ میانوالی کے شہر منداخیل میں قمر مشانی کے مقام پر بارشوں سے ایک گھر کی بیرونی دیوار گر گئی تھی جس سے کسی قسم کا نقصان نہ ہوا تھا مگر غلط رپورٹنگ کی بناءپر عوام کو پریشانی میں مبتلا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالے بھی معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

مزید :

ایڈیشن 1 -