بڑے صنعتی اداروں کی شرح نمو میں 3.95 فیصد تک کا اضافہ ہوا
اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ مالی سال 2013-14ءکے دوران بڑے صنعتی اداروں کی شرح نمو میں 3.95 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے دوران کچھ شعبوں میں صنعتوں کی کارکردگی متاثر ہوئی تاہم زیادہ تر صنعتی اداروں کی ترقی میں خوشگوار اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور بڑے صنعتی اداروں میں سے گیارہ صنعتوں کی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے۔ ایل ایس ایم کے شعبہ میں سب سے زیادہ شرح نمو فرٹیلائیزر کی صنعتوں کی رہی جو 16.50 فیصد تک بڑھ گئی۔ پی بی ایس کی رپورت کے مطابق چمڑے کی مصنوعات تیار کرنے والی صنعتوں نے 11.65 فیصد، پیپر اینڈ بورڈ 10.99 فیصد، فوڈ اینڈ بیوریج 7.16 فیصد، پٹرولیم پروڈکٹس 6.22 فیصد، الیکٹرونکس 9.55 فیصد، آئرن اینڈ سٹیل 5.58 فیصد، ربڑ پراڈکٹس 11.47 ، کیمیکل 6.87 فیصد جبکہ ٹیکسٹائل کی صنعتوں کی شرح نمو میں 1.32 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بعض صنعتوں کی کارکردگی میں منفی رجحان رہا جن میں لکڑی کی مصنوعات میں27.57 فیصد، انجینئرنگ مصنوعات 12.52 فیصد، فارماسیوٹیکلز 0.17 فیصد اور آٹو موبائیلز کی صنعتوں کی شرح نمو میں 2.56 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم بڑے صنعتی اداروں میں سے کچھ صنعتوں کی کارکردگی میں ہونے والی کمی کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران بڑے صنعتی اداروں کی کارکردگی میں 3.95 فیصد کا حوصلہ افزاءاضافہ ہوا ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل ایس ایم کا شعبہ کسی بھی ملک کے معاشی استحکام اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے جبکہ شعبہ کی ترقی سے روزگار کی فراہمی کے مواقع بڑھنے سے نہ صرف بے روزگاری کے خاتمہ بلکہ غربت پر قابو پانے میں بھی مدد حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ توانائی کی قلت کے مسئلہ کے خاتمہ اور بہتر پیداواری ماحول کی فراہمی سے شعبہ کی ترقی میں خاطر خواہ اضافہ سے ملکی معیشت کی ترقی کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
(