گڈانی پاور پارک میں سرمایہ کاری کیلئے درخواستوں کی وصولی میں 29ستمبر تک توسیع
اسلام آباد (اے پی پی) پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ نے گڈانی پاور پارک میں 6600 میگا واٹ کے درآمدی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے درخواستوں کی وصولی میں 29ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ اس بات کا فیصلہ بدھ کو یہاں بورڈ کے 97 ویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں درآمدی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے اظہاردلچسپی کی درخواستیں جمع نہیں کرائی جا سکیں اور سرمایہ کاروں کی درخواست ہے کہ اس تاریخ میں توسیع کی جائے۔ خواجہ آصف نے اس موقع پر کہاکہ حکومت بجلی کی طلب پوری کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، دستیاب وسائل سے بڑے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن سے نہ صرف ملک کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ بجلی کے شعبے میں بہتری سے لائن ساسز بھی کم ہوںگے۔ بورڈ نے 870 میگا واٹ کے سکی کناری پن بجلی منصوبے کے لیٹر آف سپورٹ کی مدد میں توسیع کی بھی منظوری دی یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی ترجیح فہرست میں شامل ہے۔ بورڈ نے 132 میگا واٹ راجدانی پن بجلی منصوبے کے قیام کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں آزاد کشمیر کی حکومت سے مکمل تعاون کی درخواست کی۔