گورنر سٹیٹ بنک کی کمرشل بنکوں کے نمائندوں سے ملاقات ،ڈالر 101روپے دس پیسے پر آگیا
کراچی(آن لائن)گورنر اسٹیٹ بنک کی کمرشل بنکوں کے نمائندوں سے ہونے والی ملاقات کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں،انٹر بینک فاریکس مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر101 روپے دس پیسے پر آگیا۔انٹر بنک مارکیٹ میں بدھ کے روز کاروبار کے دوران ڈالرپھر ایک روپیہ سستا ہوا۔ انٹر بنک فاریکس مارکیٹ میں کاروبار کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک سو ایک روپے دس پیسے پر آگیا۔ ایک روز قبل بھی ڈالر 83 پیسے سستا ہوا تھا۔ اس سے قبل سترہ روز کے دوران ڈالر4 روپے32 پیسے مہنگا ہوا تھا۔ گورنر اسٹیٹ بنک کی دو روز قبل کمرشل بنکوں کے نمائندوں سے ملاقات ہوئی تھی ۔اس کمی کے اثرات اوپن کرنسی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے جہاں ڈالر کی قدر 90 پیسے کی کمی سے 101.50 روپے کی سطح پر آگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی بینک کو دو بینکوں کی جانب سے ڈالر میں سٹے بازی اور قدر میں مصنوعی اضافے کی شکایات موصول ہوئی تھی جس پر مرکزی بینک نے سٹے بازی میں ملوث بینکوں کو وارننگ جاری کردی تھیں۔ایکس چینج ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے میڈیا کو بتایا کہ جمعہ سے مشرقِ وسطیٰ کے ملکوں کی ہفتہ وار تعطیلات اور 31 اگست کو نیویارک مارکیٹ بند ہونے کی وجہ سے ملک میں ڈالر کے ذخائر سرپلس ہوجائیں گے اور ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی سخت ہدایات کے بعدبدھ کو بینکوں نے ڈالرکے ذخائر ہولڈ کرنے کے بجائے سپلائی بلارکاوٹ بحال رکھی جس کے روپے کی قدر پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔
27-08-14/--127