ملکہ ترنم نورجہاں کی بہت بڑی پرستار ہوں، گلوکارہ سائرہ ارشد
لاہور (آئی این پی) گلوکارہ سائرہ ارشد نے کہا ہے کہ جب میرا تعارف ایک پاکستانی گلوکارہ کی حیثیت سے ہوتا ہے تو بیحد خوشی ہوتی ہے، ملکہ ترنم نورجہاں کی بہت بڑی پرستار ہوں اور اپنے شوز میں ان کے مقبول گیت گا کر انہیں ٹربیوٹ پیش کرتی رہتی ہوں ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانیوں کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ بھارت کے علاوہ دیگر ایشیائی ممالک کے لوگ بھی ملکہ ترنم نورجہاں کے پرستار ہیں اور ان کے گانے سننا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی جب امریکہ گئی تو وہاں بھی لوگوں نے خصوصی فرمائش کر کے ملکہ ترنم نور جہاں کے گائے ہوئے گانے سننے کی فرمائش کی جو میرے لیے باعث فخر ہے ۔