حبس سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ،شارٹ فال 6ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں جاری شدید حبس کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں مزید اضافہ ہو گیا اور ڈیمانڈ بڑھ کر 19000میگا واٹ سے بھی تجاوز کر گئی ۔ ڈیمانڈ میں اضافہ سے شارٹ فال بڑھ کر چھ ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ۔ شارٹ فال میں اضافہ کے باعث لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کر دیا گیا ۔ گزشتہ روز شہروں میں 10 سے12 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں16 گھٹنے تک کی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی ۔ شدید حبس میں بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی صنعتی پہیہ تقریبا جام ہو کر رہ گیا ۔ اکثر علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی ۔ مرمت کے نام پر بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا رات کو لوڈ بڑھنے پر لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز نے اپنے درجنوں فیڈرز بند کر دیئے جس سے ان علاقوں میں دو سے تین گھٹنے تک بجلی کی بندش رہی ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 19040 میگا واٹ جبکہ پیداوار 13130 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 5910 میگا واٹ کا فرق رہا ۔
بجلی