تہرے قتل اور اغواء کے ملزم خالد پرویز کو گرفتار کر کے مغویہ برآمد
جوہرآباد(نمائندہ پاکستان)پولیس نے موضع سندرال میں تہرے قتل اور اغواء کے ملزم خالد پرویز کو گرفتار کر کے مغویہ خاتون رحمت بی بی کو بازیاب کر لیا۔ ڈی پی او فیصل گلزار نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ ملزمان خالد پرویز اور محمد عمران نے 9جولائی 2014ء کو موضع سندرال میں محمد ریاض ‘ محمد امتیاز اور مسماۃ ارشاد بی بی کو آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جبکہ اُن کی فائرنگ سے محمد سرفراز شدید زخمی ہو گیا تھا۔ ملزم رحمت بی بی کو زبردستی اغواء کر کے بھی لے گیا تھا۔ پولیس نے ملزموں کیخلاف قتل ‘ اقدام قتل اور اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ڈی پی او نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزم خالد پرویز کو گرفتار کر کے مغویہ رحمت بی بی کو بازیاب کر لیایہ امر قابل ذکر ہے کہ تہرے قتل کے اس مقدمہ میں ملوث دوسرا ملزم عمران پہلے ہی پولیس گرفتار کر چکی ہے۔