قصور: دوران ڈکیتی مزاحمت پر تاجر شدید زخمی،ہسپتال منتقل
قصور(بیورورپورٹ)قصور اور اس کے نواح میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ڈاکو ؤں نے مزاحمت کرنے پر قصور کے تاجر کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ اور دیگر وارداتوں میں ڈاکو نقدی رقم،موبائل فون اور دوسرا قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق نیا بازار قصور کے مشہور فالودہ کارنر کے مالک شیخ اللہ وسایا حسب معمول گھر کی جانب جا رہے تھے کہ بدردین کے قریب ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کی نوک پر روک مبینہ چالیس ہزار روپے کی نقدی رقم چھین لی۔ اور مزاحمت کرنے پر گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا جسے طبی امداد کے لیے جنرل ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیاہے۔ محلہ محمدنگر تھانہ بی ڈویژن میں نذیر احمد کے گھر داخل ہونے والے نامعلوم چور نقدی رقم،گھر کا قیمتی سامان ،موبائل فون لے کر فرار ہوگئے ۔اسی طرح محکمہ انہار کے شاہد اقبال اور شفیق موٹرسائیکل پر سوار جار ہے تھے کہ نہر کے کنارے کھڑے ہوئے ناکہ زن ڈاکوؤں نے انہیں اسلحے کی نوک پر روک لیا۔موٹرسائیکل اور نقدی چھین کر لے گئے۔جبکہ اسی روڈ پرگلویڑہ کے قریب طارق محمود سے ڈاکوؤں نے نقدی رقم اور موٹرسائیکل چھین لی۔پولیس مصروف تفتیش ہے۔