زرداری کی چین کے وزیر اعظم سے ملاقات،موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

زرداری کی چین کے وزیر اعظم سے ملاقات،موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                       بیجنگ (آئی این پی)سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے وفد کے ہمراہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات ‘ خطہ کی صورتحال کے ساتھ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک بھی آصف زرداری کے ساتھ تھے۔ آصف زرداری نے اس موقع پرکہا کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال کی وجہ سے چین کے تعاون سے شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر کام متاثر نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی راہداری ‘ گوادر بندرگاہ اور بجلی کے تمام منصوبے اپنے وقت پر مکمل ہونے چاہئیں۔ ذرائع کے مطابق چینی وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں دوست ملک میں پیدا سیاسی حالات پرتشویش ہے۔ ہماری تمام فریقین سے درخواست ہے کہ بات چیت سے تمام ایشوز کو حل کیا جائے ۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان سے اپنے تعلق اور دوستی کو خاص اہمیت دیتا ہے اور اسی وجہ سے ہمیں پاکستان کے حالات پر تشویش ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے تمام رہنما وسیع تر مفاد میں اپنے تمام ایشوز کو جلد سے جلد حل کر لیں گے۔ چینی وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ اس وقتی صورتحال کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی سابق حکومت اور (ن) لیگ کی موجودہ حکومت کے ساتھ طے پانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کے معاہدوں پر پوری طرح سے عمل درآمد کیاجائیگا ،علا وہ ازےںسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کے روز چین کے شہر بیجنگ میں سندھ بزنس کانفرنس میں شرکت کی۔ چین کے اہم گروپوں اور سرمایہ کاری کی کمپنیوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معاشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے بھی اس کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس سے قبل سندھ حکومت اور چین کے ٹرانسپورٹ گروپوں کے درمیان تین میمورنڈم آف انڈرسٹینگ (MOU) پر دستخط ہوئے۔ ایک ایم او یو کراچی میں ماس ٹرانزٹ ٹرین اور دیگر دو ایم او یوز کراچی اور سندھ میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -