غیرآئینی اقدام کوروکنے کیلئے موجودہ بحران کا سیاسی حل نکالا جائے،پاکستان بار کونسل

غیرآئینی اقدام کوروکنے کیلئے موجودہ بحران کا سیاسی حل نکالا جائے،پاکستان ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی )پاکستان بار کونسل نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی بحران کا سیاسی طریقے سے حل نکالا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ غیرآئینی اقدام کا راستہ روکا جا سکے۔پاکستان بار کونسل کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل رمضان چودھری ایڈووکیٹ اورممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون نے کہا ہے کہ پاکستان کی وکلاءبرداری ملک میں آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے جس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں جاری سیاسی بحران سنگین ہے اور اگر اس بحران کا سیاسی طور پر حل نہ نکالا گیا تو ملک میں کوئی بھی غیرآئینی اقدام ہو سکتا ہے، پاکستان بار کے ممبران نے پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتوں اور پارلیمنٹ سے باہر سیاسی جماعتوں کے موجودہ سیاسی صورتحال پر ملاقات کی ہے اور ان کے موقف سے آگاہی حاصل کی ہے جس کے بعد پاکستان بار کونسل یہ سمجھتی ہے کہ موجودہ مسئلہ بالکل سیاسی ہے جسے حل کرنا سیاسی جماعتوں کی ہی ذمہ داری ہے ، اعلامیے کے مطابق پاکستان بار کونسل کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کریگی اور اپنی آزادانہ حیثیت کو برقرار رکھے گی، اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ وکلاءصاحبان کی طرف سے انفرادی طور پر سیاسی جماعتوں کوحمایت کیلئے کرائی گئی یقین دہانی کا پاکستان بار کونسل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزید : صفحہ اول