حج آپریشن: کراچی اور لاہور سے عازمین کی روانگی شروع ہو گئی
کراچی،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی ایئر لائن کے ذریعے عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی شروع ہو گئی ہے اس سلسلے میں کراچی اور لاہور سے سیکڑوں فرزندان اسلام جدہ کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 315 لاہور سے 490 مسافروں کو لے کر جدہ کے لئے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے کے چیئرمین محمد علی گردیزی نے حجاج کرام کو رخصت کیا۔ دوسری جانب کراچی سے بھی پہلی حج پرواز عازمین حج کو لے کر جدہ کے لئے روانہ ہوئی، مینیجنگ ڈائریکٹر پی آئی اے شاہنواز رحمان نے عازمین کو الوداع کہا۔واضح رہے کہ رواں برس سرکاری کوٹے کے تحت 54 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے جب کہ پی آئی اے کی کل112خصوصی حج پروازوں چلائی جائیں گی۔ دوسری جانب دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر حج کے لئے جانے والوں کے ساتھ صرف ایک فرد کو ایئرپورٹ میں اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔