سانحہ ماڈل ٹاﺅن : تین اہلکاروں کی ضمانت میں توسیع ، ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں ملوث تین پولیس اہلکاروں کی عبوری ضمانت میں تین ستمبر تک توسیع کر دی ہے ، کیس کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو ملزمان کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایت پر انہوں نے گولیاں چلائیں، اعلیٰ پولیس افسران کو بچانے کے لئے انہیں قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ تفتیشی افسر کی جانب سے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ پیش نہ کرنے سے لگ رہا ہے جیسے دال میں کچھ کالا ہے، عدالت نے کہوٹہ پلانٹ کا نقشہ نہیں ریکارڈ مانگا ہے ۔ عدالت نے سب انسپکٹر حافظ اطہر ، کانسٹیبل خرم اور نوید کی عبوری ضمانت میں تین ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ ہر صورت پیش کرنے کا حکم دےدیا۔