برطانیہ :بندوق کی گولی روکنے والی جیل ایجاد کر لی گئی
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک )برطانیہ نے ایک ایسی جیل ایجاد کی ہے جو بندوق سے نکلی گولی انسانی جسم کے پار ہونے سے روک سکتی ہے، دفاعی نکتہ نگاہ سے یہ ایک حیرت انگیز ایجاد قرار دی جارہی ہے۔ برطانوی سائنس دان رچرڈ پالیمر نے ایک ایسا مٹیریل ایجاد کیا ہے جو دیکھنے میں جیل کی مانند ہے لیکن یہ گولی کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس جیل کو D30 کا نام دیا گیا ہے۔ جیسے ہی گولی اس مٹیریل کو چھوتی ہے یہ فوراً ہی ایک ٹھوس شکل اختیار کرلیتا ہے۔ برطانوی وزارت دفاع نے یہ جیل ایجاد کرنے والی کمپنی کو ایک لاکھ پاﺅنڈ کا انعام دیا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ جیل جلد ہی برطانوی فوجیوں کے ہیلمٹ مین اندر کی جانب لگائی جائےگی اور اس جیل کی وجہ سے برطانوی فوجی زیادہ محفوظ تصور کئے جائیں گے۔ اس جیل کے مالیکیول معمول کی حالت میں ایک دوسرے سے جڑے رہتے ہیں لیکن جیسے ہی کوئی چیز بھاری قوت کے ساتھ اس سے ٹکراتی ہے تو یہ آناً فاناً ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ٹھوس اور ناقابل یقین حد تک سخت ہوجاتے ہیں جسکی وجہ سے گولی بھی اس سے پار نہیں ہوسکتی۔ جیل کے موجد رچرڈ پالیمر کا کہنا ہے کہ D30 جیل انہوں نے سپورٹس کی اشیاءکو ذہن میں رکھ کر ایجاد کی تھی، انکا خیال تھا کہ اس جیل کے ذریعے سپورٹس کی جو چیزیں تیار کی جاتی ہیں ان میں استعمال کرکے کھلاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔ ان کا خیال تھا کہ ہاتھوں کے دستانوں، گارڈز، جوتوں کی نوک اور گھڑ سواری کے سامان میں اسے استعمال کیاجاسکتا ہے۔