یو ایس بی کو وائرس سے محفوظ رکھنے والا کور
نیویارک (نیوزڈیسک ) امریکی سکیورٹی ماہرین نے موبائل یا کمپیوٹر کو وائرس سے بچانے اور ڈیٹا چوری روکنے کے لئے ایک خاص یو ایس بی بنا کر ہیکرز کا توڑ نکال لیا۔ دنیا بھر میں لاکھوں آن لائن صارفین ہیکرز کا نشانہ بن رہے ہیں، لیکن امریکی ماہرین کا دعوی ہے کہ اب یہ سلسلہ رک جائے گا، کیوں کہ انہوں نے ایک ایسا آلہ (یو ایس بی کنڈوم) بنا لیا ہے، جسے موبائل اور کمپیوٹرصارفین بغیر کسی خوف کے استعمال کرکے اپنا ڈیٹا محفوظ بنا سکتے ہیں۔ سکیورٹی ماہرین اس آلے کو صارف اور نقاب پوش ہیکرز کے درمیان ایک آہنی رکاوٹ قرار دے رہے ہیں۔ ڈیٹا چوری کرنے کے لئے حملہ کی صورت میں اگر آپ کے کمپیوٹر کے ساتھ یہ آلہ لگا ہے تو وہ نہ صرف آپ کو سکیورٹی الارم دے گا بلکہ خودکار نظام کے تحت آپ کا ڈیٹا اپنے اندر محفوظ کر لے گا، جسے بعدازاں آسانی سے دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس آلے کو کراﺅڈ سپلائی نامی امریکن کمپنی کے سکیورٹی ماہرین نے بنایا ہے، جس نے آزمائشی بنیادوں پر اس کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ یو ایس بی کی روز بروز بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر ہم خود حیران ہیں، اس کی ابتدائی قیمت 10ڈالر طے کی گئی ہے۔