عمران خان کے کنٹینر کے قریب مشکوک پیکٹ برآمد، بم ڈسپوزل سکواڈ طلب
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے کنٹینر کے قریب مشکوک ڈیوائس کی موجودگی کا انکشاف ہونے پر بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم شخص مشکوک پیکٹ عمران خان کے کنٹینر سے 50 میٹر دور ایک جگہ پر رکھ کر فرار ہو گیا۔ مشکوک ڈیوائس کے اندر لال رنگ کی لائٹ جل بجھ رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ڈیوائس ایک طرح کا بم ہے۔ پولیس نے دھرنے کے شرکاءسے علاقے کو خالی کرا لیا ہے اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا ہے جس کے بعد پہنچنے پر ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور دیگر رہنماءکنٹینر میں موجود تھے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر عمران خان، شیخ رشید، پرویز خٹک اور دیگر افراد کنٹینر کی چھت پر آ گئے۔