نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ختم، ایف آئی آر پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت رائے ونڈ میں ہونے والا اجلاس ختم ہو گیا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت رائے ونڈ میں اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت قانونی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی بحران اور سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی میں شامل کی گئی دفعات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پارلیمینٹ میں موجود تمام جماعتیں ایک ہی پیج پر ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہیں۔ اجلاس کے دوران پارلیمینٹ میں موجود تمام جماعتوں کو ایف آئی آر کے اندراج اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اعتماد میں لینے کافیصلہ بھی کیا گیا اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اسی مقصد کیلئے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کسی بھی صورتحال میں آئین و جمہوریت کا دفاع کیا جائے گا۔ اجلاس میں شریک قانونی ماہرین نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی ایف آئی آر میں درج دفعات کا بغور جائزہ لینے کے بعد بھرپور قانونی جنگ لڑنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ انہیں ہدایت کی گئی کہ اس معاملے میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔