جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے
بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی صوبے گوانکسی میں ایک معمر شخص کے ساتھ انتہائی خوفناک حادثہ پیش آیا لیکن خوش قسمتی سے وہ نہ صرف موت سے بچ گیا بلکہ اہم اعضاءبھی محفوظ رہے۔ مسٹر ہونامی 50 سالہ شخص اپنے گھر کے ایک حصے کو منہدم کرنے کے کام میں مصروف تھا کہ اچانک ایک سریا اس کے بائیں گال سے داخل ہوکر سرکو چیرتا ہوا ماتھے کے دائیں طرف پار ہوگیا۔ خوش قسمتی سے سریا ایسے زاویے پر داخل ہوکر یہ بائیں آنکھ کے پیچھے سے ہوکر دماغ کے بالکل ساتھ سے گزرتا ہوا سر سے باہر نکل گیا۔ ہو کو جب ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے فائر بریگیڈ کے عملے کو بلا لیا جنہوں نے ایک بڑے کٹر سے سریے کو دونوں طرف سے کاٹا اورپھر اسے قریب واقع بڑے ہسپتال لے جایا گہا جہاں ایک طویل آپریشن کے بعد سریا نکال لیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سریا ایک انچ موٹا تھا اور اگر ذرا سے مختلف زاویے پر داخل ہوتا تو اس کی آنکھ یا دماغ میں سوراخ کردیتا۔ اب ہوکی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔