ایچی سن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر آغا غضنفر کو کالج انتظامیہ نے اندر داخل ہونے سے روک دیا

ایچی سن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر آغا غضنفر کو کالج انتظامیہ نے اندر داخل ہونے سے ...
ایچی سن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر آغا غضنفر کو کالج انتظامیہ نے اندر داخل ہونے سے روک دیا

  

لاہور (لیاقت کھرل) ایچی سن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر آغا غضنفر کو کالج انتظامیہ نے اندر داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایچی سن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر آغا غضنفر علی گزشتہ روز عدالتی آرڈر لے کر ایچی سن کالج پہنچے تو کالج کی انتظامیہ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایچی سن کالج کے پرنسپل کو کالج میں داخل نہ ہونے دیا اور ان کی گاڑی کو قبضہ میں لے لیا اور کالج کے سیکیورٹی گارڈوں کی بھاری تعداد نے کئی گھنٹے تک پرنسپل ڈاکٹر آغا غضنفر علی کی گاڑی کو اپنے قبضے میں لیے رکھا اور پرنسپل کی گاڑی کو کالج کے اندر داخل نہ ہونے دیا۔

اس دوران کالج کی انتظامیہ نے داخلی گیٹوں پر سیکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا اور پولیس کی نفری سمیت بھاری تعداد میں سیکیورٹی گارڈوں کو داخلی گیٹوں پر تعینات کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایچی سن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر غضنفر علی گزشتہ روز چھٹیاں ختم ہونے کے بعد بیرون ملک سے واپسی پرلاہور ایئر پورٹ سے سیدھے ایچی سن کالج میں اپنے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے لئے پہنچے اور ایچی سن کالج کی آفیسر کالونی میں اپنے گھر جانے لگے کہ ایچی سن کالج کی انتظامیہ نے ان کی آمد بارے علم ہونے پر سیکیورٹی پر قائم افسران اوراہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا اورکئی گھنٹے تک انہیں گاڑی میں قید کئے رکھا۔

یاد رہے کہ ان کی بیرون ملک رخصت پر ہونے کے دوران بورڈ آف گورنرز نے بتائے بغیر انہیں عہدے سے فارغ کر دیا تھا جس کے خلاف ایچی سن کالج کے پرنسپل نے عدالت سے رجوع کیا تھا اور عدالت نے بورڈ آف گورنرز کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کر دیا تھا لیکن گزشتہ روز واپسی پر انہیں اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ ڈاکٹر آغا غضنفر نے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کے خلاف ایچی سن کالج کے وائس پرنسپل کے خلاف درخواست جمع کروا دی ہے۔

مزید :

لاہور -