ناقص کارکردگی پر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ مستعفٰی

ناقص کارکردگی پر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ مستعفٰی

  

اسلام آباد(آن لائن) اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں ناقص کارکردگی پر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ بھی مستعفی ہوگئے۔ اسلام آباد میں ہونے والے کانگریس کے اجلاس میں ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے اپنا استعفی فیڈریشن کے نئے صدر خالد سجاد کھوکر کو پیش کیا، شہناز شیخ کی کوچنگ میں قومی ٹیم دوہزار سولہ اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔شہناز شیخ کا فیڈریشن کے ساتھ دوہزار سولہ کے اولمپکس تک معاہدہ تھا لیکن ایونٹ کے لئے کوالیفائی نہ کرنے پر انہوں نے عہدہ چھوڑدیا، خالد سجاد کھوکر نے شہناز شیخ کی خدمات کو سراہا۔یاد رہے کہ شہناز شیخ سے قبل فیڈریشن کے صدر اختر رسول بھی مستعفی ہوگئے تھے۔ شہناز شیخ نے کہا کہ انہوں نے چار ٹورنامنٹ کھیلے ،تین میں فائنل تک ٹیم کو پہنچی تھی۔ انہوں نے کہا کہ استعفی کسی کے دباؤ میں آکر نہیں دیا،جب بھی ٹیم کو ضرورت ہوگی وہ ٹیم کے لئے حاضر ہوں گے۔ انکا کہنا تھا کہ آخری ٹورنامنٹ میں فنڈز کی کمی کی وجہ سے کارکردگی متاثرہوئی اور اگر کھلاڑیوں کے لئے فنڈز کی دستیابی ہو تو ٹیم بہت اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرسکتی ہے ٹیم کو جب بھی میری ضرورت ہوگی میں حاضر ہوں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -