امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی صحافیوں سے گرماگرمی،صحافی کو پریس کانفرنس سے باہر نکال دیا

امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی صحافیوں سے گرماگرمی،صحافی کو پریس ...
امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی صحافیوں سے گرماگرمی،صحافی کو پریس کانفرنس سے باہر نکال دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (اے این این) امریکی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی صحافیوں سے گرما گرما، صحافی کو اپنی پریس کانفرنس سے ہی باہر نکال دیا۔ غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکا کی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنی نامزدگی سے پہلے ہی آپے سے باہر ہو گئے ہیں۔
صدارتی امیدوار اور اینکر جارج راموس کے درمیان گرما گرمی ایک حالیہ نیوز کانفرنس میں سوال وجواب کے سیشن کے دوران ہوئی ہے۔صحافی راموس اور رئیل اسٹیٹ ٹائیکون ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اس سے پہلے بھی صدارتی امیدواری کے لیے مہم کے دوران ٹاکرا ہوچکا ہے۔ان کے درمیان خاص طور پر تارکین وطن اور ٹرمپ کے کامیابی کی صورت میں ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم لوگوں کو بے دخل کرنے کے منصوبے کے مسئلے پر گرما گرمی ہوچکی ہے۔
نیوز کانفرنس کے دوران جب راموس سوال کے لیے کھڑے ہوئے اور انھوں نے ٹرمپ سے تارکین وطن کے بارے میں سوال پوچھنا چاہا تو انھوں نے کسی اور کو سوال کرنے کا کہہ دیا۔جب راموس نے بالاصرار سوال کرنا چاہا تو ری پبلکن صدارتی امیدوار انھیں ڈانٹ پلاتے ہوئے بولے ”معاف کیجیے، آپ بیٹھ جائیں، آپ کو نہیں پکارا گیا تھا، بیٹھ جائیے۔ اس پر صحافی یوں گویا ہوئے ”مجھے سوال پوچھنے کا حق حاصل ہے“۔ ٹرمپ نے ترکی بہ ترکی جواب دیا ”یونی ویژن واپس چلے جائیے“۔ اس کے بعد سیکیورٹی کے عملے نے اس صحافی کو کمرے سے باہر نکال دیا۔راموس کو کمرے سے نکال باہر کرنے کے بعد مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ ”انھیں اس رپورٹر سے کوئی پرخاش نہیں تھی بلکہ وہ صرف یہ چاہتے تھے کہ وہ قاعدے، ضابطے کی پاسداری کرے۔ اس نے کسی ترتیب کے بغیر سوال کرنے کی کوشش کی تھی، میں دو سیکنڈز میں سوال لے سکتا تھا لیکن اس نے اٹھ کر بولنا شروع کردیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اگر وہ واپس آجاتے ہیں تو میں برا نہیں مانوں گا۔ اس کے بعد راموس واپس کمرے میں آ گئے۔ مسٹر ٹرمپ نے ان کا خیرمقدم کیا اور ان سے کہا کہ وہ تارکین وطن سے متعلق اب سوالات کرسکتے ہیں۔ بعد میں جارج راموس نے اعتراف کیا کہ انہیں ٹرمپ کے ساتھ ان کے تارکین وطن سے متعلق غیرمنطقی منصوبے کے بارے میں شکایت تھی۔ اس کے تحت امریکہ میں غیر قانونی طور مقیم ایک کروڑ دس لاکھ افراد کو ملک بدر کردیا جائے گا۔