اویس مظفر سمیت اہم شخصیات کو پاکستان واپس لانے کی تیاریاں شروع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایف آئی اے اور نیب نے بیرون ملک فرار ہونے والے کرپشن کے ملزموں کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں وزارت داخلہ کو درخواست بھی دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک فرار اہم شخصیات کے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے اور ایف آئی اے اور نیب کی ریڈ وارنٹ کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق جن افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کی کوششیں جاری ہیں ان میں بزنس مین انور مجید، منظور کاکا، ثاقب سومرو اور سابق صدر آصف علی زرداری کے دوست اویس مظفر شامل ہیں۔ دوسری جانب اویس مظفر کا کہنا ہے کہ وہ کاروبار کے سلسلے میں ملک سے باہر ہیں اور آزادانہ طریقے سے آ جا سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خلاف نہ تو کوئی انکوائری ہے اور نہ ہی کوئی کیس ہے اور ایسے میں ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرانا کسی کا خواب ہی ہو سکتا ہے۔