پنجاب اسمبلی میں آئے صحافیوں کی موٹر سائیکلوں کے پلگ اتار لئے گئے

پنجاب اسمبلی میں آئے صحافیوں کی موٹر سائیکلوں کے پلگ اتار لئے گئے

  

لاہور(کرائم سیل)پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی کوریج کیلئے جانے والے صحافی ایک چور پولیس اہلکار کے ہاتھوں موٹر سائیکل کے پلگوں سے محروم ۔پولیس اہلکار نے اسمبلی کے باہر کھڑی صحافیوں کی موٹر سائیکل کے پلگ اتار لئے اور صحافیوں کے باہر آنے پر پلگوں سمیت فرار ہو گیا ۔نمائندہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ صحافی اقبال ناصر ،محمد قمراور دیگر نے بتایا کہ انہوں نے اسمبلی کے سامنے موجود پارکنگ میں اپنی موٹر سائیکلیں کھڑی کی تھیں ،جب واپس آئے تو ان کی موٹر سائیکلوں کے پلگ اتارے جا چکے تھے ۔جس پر انہوں نے موقع پر موجود ٹریفک وارڈنز سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر معمور سب انسپکٹر محمد اشرف نے تمام موٹر سائیکلوں کے پلگ اتار لئے ہیں ۔جس پر تمام صحافی محمد اشرف کی جانب بڑھے، لیکن وہ موقع سے فرار ہو گیا ۔جبکہ دیگر پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ انہیں اعلیٰ حکام کی جانب سے ہدایت ہے کہ اسمبلی کے اجلاس کے دوران تمام پارکنگ میں موجود موٹر سائیکلوں کے پلگ اتار لیے جائیں۔ جبکہ پولیس اہلکار کے فرار ہونے کی وجہ سے صحافیوں کو کئی میل تک موٹر سائیکل سمیت پیدل سفر کرنا پڑا ۔

مزید :

علاقائی -