سروسز ہسپتال ، وائی ڈی اے کا ایم ایس آفس پر قبضہ ، آج ہڑتال کا اعلان

سروسز ہسپتال ، وائی ڈی اے کا ایم ایس آفس پر قبضہ ، آج ہڑتال کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جاوید اقبال)صوبائی دارالحکومت کے اہم ترین سروسز ہسپتال میںینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے تاریخی اور انوکھا دھرنا دے دیا ۔ وائی ڈی اے کے سینکڑوں ڈاکٹر جن میں لیڈی ڈاکٹروں کی اکثریت شامل تھی ایم ایس کے دفتر میں داخل ہو گئی اور غیر معینہ مدت کے لیے ایم ایس کے دفتر میں دھرنا دے دیا جس سے ایم ایس مطالبات اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائے بغیر دفتر چھوڑ گئے، دھرنا کی اطلاع پا کر وائی ڈی اے کی مرکزی قیادت ڈاکٹر حامد بٹ ،ڈاکٹر بشارت گل ،ڈاکٹر ذوالقرنین ،ڈاکٹر فرحان ساہی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے دھرنے کی کمان سنبھال لی اور اعلان کیا کہ لیڈی داکٹرز ہاسٹل نہ ملنے تک ایم ایس کے دفترمیں رہائش رکھیں گی یہاں پر سوئیں گی اور یہاں سے ہی ڈیوٹی پر جائیں گی اور واپس آ کر یہاں ہی قیام کریں گی جبکہ کل سے سروسز ہسپتال میں مکمل ہڑتال ہو گی صرف ڈاکٹرز ایمر جنسی میں فرائض سرانجام دیں گے اس کے علاوہ آؤٹ ڈور ،ان ڈور ،آپریشن تھیٹرز میں ڈاکٹر فرائض سرانجام نہیں دیں گے ۔ینگ ڈاکٹرز نے ایم ایس کی کرسی پر قطبہ آویزاں کر دیا جس پر تحریر تھا "CM HELP US "۔قبل ازیں وائی ڈی اے نے میڈیا کو تمام آپریشن تھیٹروں کا دورہ کروایا اور مسائل دیکھائے ۔اس موقع پر وائی ڈی اے کے مرکزی صدر ڈاکٹر حامد بٹ سروسز ہسپتال کے صدر ڈاکٹر فرحان ساہی ،چیئر مین ڈاکٹر بشارت گل نے ایم ایس آفس میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال انتظامیہ ہسپتال چلانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ہسپتال میں مالی بے ضابطگیاں عروج پر ہیں لوکل پرچیز کا ٹینڈر گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ریٹ پر دیکر قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ہسپتال کے آپریشن تھیٹروں میں مریضوں کے لیے مفت ادویات موجود نہیں اور نہ ہی ڈاکٹروں کے کام کرنے کے لیے ماحول سازگار ہے ۔ آپریشن کے آلات خراب پڑے ہیں بیہوشی کی دوائی موجود نہیں ۔آپریشن تھیٹروں سمیت پورے ہسپتال کے 80فیصد اے سی خراب ہیں ہسپتال میں بد انتظامی عام ہے ۔ہسپتال میں کام کرنے والی لیڈی ڈاکٹرز کی رہائش کے لیے ہاسٹل موجود نہیں ہیں جس کے باعث لیڈی ڈاکٹرز وارڈوں اور اپنی گاڑیوں میں رات گزارنے پر مجبور ہوتی ہیں ۔ اب لیڈی ڈاکٹرز ایم ایس کے دفتر میں اس وقت تک رہائش پذیر رہیں گی جب تک انہیں ہاسٹل کی سہولت نہیں دی جاتی اور بد انتظامی اور بے ضابطگیوں کے ذمہ داروں کو ہسپتال سے نکال باہر نہیں کیا جاتا۔ڈاکٹر حامد بٹ نے کہا کہ کل سے ایمرجنسی کے علاوہ پورا ہسپتال بند کر دیں گے کوئی ڈاکٹر فرائض سرانجام نہیں دے گااور مطالبات کی منظوری تک دھرنا بھی جاری رہے گا اور ہڑتال بھی اس حوالے سے ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا ایم ایس کے دفتر میں دھرنا دینا اچھی روایت نہیں ہے وائی ڈی اے جو چاہے کرے ہم انہیں کیا کہہ سکتے ہیں ان کے مطالبات اور مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے اگر وہ ایم ایس کے دفتر میں رہائش رکھنا چاہتے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے ان کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔اس پر وائی ڈی اے سروسز ہسپتال کے صدر فرحان انصاری نے کہابلک پرچیز کے ٹھیکے منسوخ ہونے سے ہسپتال کے تمام میڈیکل سٹور خالی ہو چکے ہیں مریضوں کو پینا ڈول،سرنچ،ڈرپ سیٹ ،سوئچر سمیت ہر چیز مہنگے داموں ایل پی میں منگوائی جارہی ہے جو صرف ایمرجنسی مریضوں کیلئے ہے غریب مریضوں کو کچھ نہیں ملتا۔