23رکنی پنجاب کابینہ، بلوچستان کے10نومنتحب وزراء اور عمران اسماعیل نے حلف اُٹھالیا

23رکنی پنجاب کابینہ، بلوچستان کے10نومنتحب وزراء اور عمران اسماعیل نے حلف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور، کوئٹہ ، پشاور، کراچی (سٹاف رپورٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) پنجاب کی صوبائی کابینہ میں شامل 23 ،بلوچستان کے 10 نو منتخب وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ،خیبرپختونخوا کی15رکنی کابینہ آج حلف اٹھائے گی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرا ن اسماعیل نے بھی بطور گورنر سندھ عہدے کا حلف اٹھا لیا ، تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی سردار آصف نکئی کو وزارت مواصلات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی 23رکنی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہورمیں منعقد ہوئی جہاں قائم مقام گورنر پنجاب پرو یز الٰہی نے صوبائی کابینہ کے اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ،تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار ،چیف سیکرٹری ، آئی جی پولیس اور مختلف محکموں کے سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی ۔دریں اثناء چیئرمین تحریک انصاف وزیر اعظم عمرا ن خان نے رکن پنجاب اسمبلی سردار آصف نکئی کو وزارت مواصلات کا قلمدان سونپ دیا ۔ادھربلوچستان کے 10 نومنتخب وزراء سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے گورنر ہاؤس میں حلف لیا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال بھی اس موقع پر موجود تھے، نومنتخب وزراء میں سردار صالح محمد بھو تانی، انجینئر زمر ک خان اچکزئی، میر ضیاء اللہ لانگو، نور محمد دمڑ، سردار سر فراز چاکر ڈومکی، ظہور احمد بلیدی، نصیب اللہ مری، میر سلیم احمد کھوسہ، نوابزادہ طارق مگسی شامل ہیں ۔بلوچستان کے نومنتخب وزراء کے پہلے مرحلے میں بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی، جمہوری وطن پارٹی اور ایچ ڈی پی شامل نہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں بلوچستان عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی، جمہوری وطن پارٹی اور ایچ ڈی پی کے وزراء حلف اٹھائیں گے ۔دوسری طرف خیبرپختونخوا کی15رکنی کابینہ آج حلف اٹھائے گی حلف برداری کی تقریب دوپہرتین بجے گورنر ہا ؤ س میں منعقد ہوگی جہاں قائمقام گورنرمشتاق احمد غنی نئے وزراء اور مشیروں سے انکے عہدوں کا حلف لینگے۔ صوبائی کابینہ ایک سینئرو ز یر عا طف خان سمیت 11وزرا ء اور تین مشیران شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے بطور گورنر سندھ عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے گورنر سندھ سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ، غیر ملکی سفارتکار اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی۔ بطور گو ر نر سندھ حلف اٹھانے سے قبل عمران اسماعیل نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔عمران اسماعیل نے اپنا استعفیٰ سپیکر سندھ اسمبلی کے نام بھیجا جو رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے سیکریٹری اسمبلی کے دفتر میں جمع کرایا۔قبل ازیں عمران اسماعیل کا کہنا تھا گورنر کے عہدے کا حلف اٹھا نے کے بعد وہ گورنر ہاؤس میں رہائش اختیار نہیں کریں گے بلکہ اپنے ذاتی گھر میں ہی رہیں گے اور گورنر ہاؤس کے صرف دفتر کو استعمال کریں گے۔
حلف برداریاں

مزید :

صفحہ اول -