صوبے میں اقرباپروری کا خاتمہ، میرٹ اور انصاف کابول بالا ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب

صوبے میں اقرباپروری کا خاتمہ، میرٹ اور انصاف کابول بالا ہوگا، وزیر اعلیٰ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں پسماندہ علاقوں کی ترقی ا ور غریب عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔ تبدیلی کیلئے عوام سے کئے گئے وعدے نبھائیں گے۔ میرٹ اور گڈگورننس پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ قانون کی حکمرانی کو پوری قوت سے نافذ کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کرنے والے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کے معززین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور عوام سے میرا رابطہ پہلے سے مضبوط ہوگا۔ عوام کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی اداروں اور محکموں میں اصلاحات کریں گے۔اقربا پروری کا مکمل خاتمہ کرکے میرٹ اور انصاف کا بول بالا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے تبدیلی کے خواب کی تعبیر کیلئے پنجاب ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے مسائل کے حل کیلئے مخلصانہ کاوشیں کی جائیں گی۔پنجاب کے دورافتادہ،پسماندہ اور محرومیوں کے شکار علاقوں کی ترقی کیلئے دن رات کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے طول و عرض میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور وسائل کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم اور صحت ہر شہری کا حق ہے، ہر شہری کو اس کا حق لوٹائیں گے۔ سادگی اور کفایت شعاری اختیار کریں گے اور عوام کو بھی ترغیب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کا جو خواب پوری قوم نے دیکھا، آج اس کی تعبیر سامنے آرہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حقیقی تبدیلی لاکر عوام کو ریلیف دیں گے اورتبدیلی سب کو نظر آئے گی،یہ تبدیلی پاکستان کے عوام کی خدمت کیلئے ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں خود عوام کے مسائل کے حل کیلئے جلد ہی ضلعی اورڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز کے دورے کروں گا۔انہوں نے کہاکہ اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کریں گے۔ قوم کا پیسہ قوم پر ہی خرچ ہوگااور سرکاری وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری سے خرچ کریں گے اور صوبے کو عمران خان کے ویژن کے مطابق چلائیں گے۔عمران خان کے 100دن کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی سب کو نظر آئے گی۔ فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کئے جائیں گے۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -