عمران خان کو تنگ نہیں کرنا چاہتے ، حکومتی غلط پالیسیوں کو روکیں گے، اچھے کاموں کی تائید کرینگے، پیپلز پارٹی

عمران خان کو تنگ نہیں کرنا چاہتے ، حکومتی غلط پالیسیوں کو روکیں گے، اچھے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے گراؤنڈ کو تنگ کرنا نہیں چاہتے، ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرینگے، غلط حکومتی پالیسیوں کو روکیں ،اچھے کاموں کی تائید کرینگے، صرف مخالفت برائے مخالفت نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمن سے (ن) لیگ کو اعتزاز احسن کے نام پر راضی کرنے کی گزارش کی تھی لیکن وہ خود امیدوار بن گئے۔قمر زمان کائرہ نے نیئر بخاری اور چودھری منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ،مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مسائل میڈیا کی وجہ سے ہوئے، پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیاکہ الائنس میں چودھری اعتزاز کوتجویز کررہے ہیں، میڈیا میں وہ رپورٹ ہوا، جب بار بار پوچھا گیا تو ہم نے بتایا کہ نام تجویز کیا ہے نامزد نہیں کیا، اس پر اپوزیشن نے اعتراض کیا اور کہا کہ آپ کو پہلے ہمارے پاس آنا چاہیے تھا اور ان کا اعتراض درست ہے، ہم نے اعتزاز کو نامزد نہیں کیا تھا صرف تجویز کیا تھا، اس کی وضاحت کیلئے خورشید شاہ اور رضا ربانی خود لاہور گئے جبکہ مری میں بھی وفد نے اس پر وضاحت کی۔انہوں نے کہا کہ حتی الامکان کوشش تھی کہ مشترکہ صدارتی امیدوار آئے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کوئی باقاعدہ اتحاد نہیں ہے بلکہ یہ شفاف الیکشن کیلئے محض ایک بندوبست ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف تمام جماعتیں اکٹھی ہوئی ہیں، اسے اس طرح نہ پیش کیا جائے کہ ہم نے اتحاد بنایا تھا جسے توڑ دیا گیاہے، تاہم اپوزیشن کو متحد کرنے میں نہ پہلے کسر چھوڑی ہے نہ اب چھوڑیں گے،الائنس میں شامل تھے اور آج بھی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کا 2008 سے زرداری گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے، صدر بننے کے بعد انہوں نے خود کو کمپنی سے علیحدہ کرلیا تھا، نہ پہلے کبھی عدالت سے بھاگے ہیں نہ آئندہ راہ فرار اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کمپنی کے تمام معاملات کی نگران ہیں، اس کیس میں دونوں رہنماء ملزم نہیں بلکہ گواہ ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہمارے خلاف ماضی میں بھی دباؤ کے مختلف طریقے اپنائے گئے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سے پیشی کے دوران کوئی سوال نہیں کیا گیا، ابتدائی قسم کی سماعت تھی، فاروق ایچ نائیک نے ایف آئی اے افسران سے کہا کہ سوالات لکھ کر دیں، ایف آئی اے نے ابھی تک کوئی سوالنامہ نہیں دیا، میڈیا میں تفتیش کے متعلق خبریں چل رہی ہیں اور سوالات نشر کئے جارہے ہیں، چیف جسٹس جھوٹی خبریں چلنے کا نوٹس لیں اور ایف آئی اے اس کی وضاحت کرے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پیمرا کو ایک خط بھی لکھا ہے، ہمارا کبھی میڈیا سے تلخی کا تعلق نہیں رہا لیکن یہ معاملہ کسی کی ذات کو نقصان پہنچانے کا ہے اس لئے تھوڑی احتیاط کی جائے۔اس موقع پرپیپلز پارٹی کے ترجمان چودھری منظور نے کہا کہ (ن) لیگ کی طرف سے ایک بات باربار آرہی ہے کہ پتہ نہیں کیا مجبوریاں ہیں؟، ہمیں بار بار مجبوریوں کے طعنے نہ دیئے جائیں ،ہمیں سب کی مجبوریوں کا علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم معاہدے کر کے باہر نہیں جاتے۔انہوں نے کہاکہ پہلے بھی بینظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری کیخلاف جتنے کیسز تھے وہ نواز شریف نے بنوائے تھے۔ دونوں کیخلاف کرائے گئے فیصلے ریکارڈ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری آج بھی 2014ء اور 2015ء کے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں کا اپنا اپنا منشور ہے ، کوئی ایک دوسرے کا منشور ماننے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں بعض مسائل آئے ہیں اور ممکن ہے کہ وہ مسائل حل ہو جائیں۔
پیپلز پارٹی

مزید :

صفحہ اول -