گورونانک نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کا درس دیا،وزیر مذہبی امور

گورونانک نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کا درس دیا،وزیر مذہبی امور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان ہر مذہب کے لیے محفوظ ملک ہے ،تمام اقلیتیں قابل احترام ہیں ،اب مذہب اور عقیدہ کی بنیاد پر تعصب نہیں ہو گا،بابا گورو نانک نے انسانیت کی خدمت کی تعلیمات دیں ۔آپ نے امن بھائی چارے ،اور پیار اور محبت کا درس دیا ۔انکی تعلیمات قابل فخر ہیں۔وفاقی حکومت کو بابا گورو نانک جی کے 550جنم دن کے موقع پر خصوصی سکہ یا ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کے لیے سفارشات ارسال کی جائیں گی ۔ یہ باتیں انہوں نے گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقدہ سکھ مذہب کے روائیتی تہوار "سماگم" کی مرکزی تقریب میں کہیں جس میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان ،سیکرٹری بورڈ طارق وزیر ،سردار منندر پال سنگھ ایم پی اے ،اقلیتی ایم این اے جمشید اوون سردار بشن سنگھ ،سردار بابا جی گورو پال سنگھ ،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر پشاور محمد آصف خا ن،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،کیئر ٹیکر گورو دوارہ عصمت اللہ خان ،عبداللہ اویس ،نور اسلم خان ،مقامی اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال سمیت دیگر افسران اور سکھ و اقلیتی رہنماؤں نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیرا عظم عمران خان نے قائد اعظم کی پالیسی کو اپنایا ہے اور بہت جلد قوم کو عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان اور منفرد مساوی نظام ملے گا ،جس کی قوم متلاشی تھی ۔

مزید :

صفحہ آخر -