اعتزاز کے نام پر مشاورت نہیں کی پیپلز پارٹی کی تنہا پرواز نے اپوزیشن کو تقسیم کردیا ، سراج الحق

اعتزاز کے نام پر مشاورت نہیں کی پیپلز پارٹی کی تنہا پرواز نے اپوزیشن کو تقسیم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی تنہا پرواز نے اپوزیشن کو تقسیم کردیاہے ۔ اعتزاز احسن کا نام دینے سے قبل انہوں نے کسی سے مشاورت نہیں کی ۔ اگر اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں صدارتی امیدوار کا نام فائنل ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی ۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج اپوزیشن صدارتی امیدوار کے لیے کسی ایک نام پر متفق نہیں ، جس کی اصل وجہ پیپلزپارٹی کی سولو فلائٹ ہے ۔ پیپلز پارٹی اگر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلتی اور اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر صدارتی امیدوار کا نام دیا جاتا توآج اپوزیشن متحد ہوتی ۔دریں اثنا سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر سراج الحق اور سینیٹر مشتاق احمد خان نے معذور افراد کو سرکاری ملازمتیں دینے کے حوالے سے قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے ۔قرار داد میں ملک میں موجود چودہ لاکھ سے زائد معذور افراد کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ معذور افراد انتہائی قابل رحم ہیں ان کے حقوق انہیں ملنے چاہئیں ۔ وفاق اور صوبوں میں معذور افراد کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مقرر ہے مگر بھرتیوں کا شفاف نظام نہ ہونے کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا اور جعلی سرٹیفکیٹس پر تندرست لوگوں کو معذور افراد کے لیے مخصوص سیٹوں پر بھرتی کر لیا جاتاہے جس سے اصل حقداروں کی حق تلفی ہوتی ہے اور وہ بے چارے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں ۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیاہے کہ آئین کے آرٹیکل 38 کے مطابق معذور افراد کی سرکاری ملازمتوں کے نظام کو شفاف بنایا جائے ۔

مزید :

صفحہ آخر -