ہنگو ،مختلف واقعات میں فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ،2زخمی

ہنگو ،مختلف واقعات میں فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ،2زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ہنگو (این این آئی)مختلف واقعات میں ذاتی دشمنی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہو گئے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ سٹی ہنگو شاہ دوران خان نے بتایا کہ گزشتہ روز صبح کے وقت مین بازار ہنگو میں گنجیانو کلے کے قریب سنتل نامی شخص نے پستول سے فائرنگ کرکے ملک شاہ زار سکنہ بلیامینہ کو قتل کر دیا پولیس نے قاتل کا پیچھا کرتے ہوئے ملزم سنتل کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف دفعہ302کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایچ او کے مطابق دوسرا واقع اسی روز علاقہ سرک دانہ میں پیش آیا جہاں پر چچا ذاد بھائیوں میں گھریلو تنازعہ پر ایک دوسرے پر کراس فائرنگ کی جس کے نتیجے میں عبدالوہاب نامی شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد حبیب زخمی ہوا۔ ملزم غفار بھاگتے وقت گر کر زخمی ہوا جس کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ زخمی اور مرنے والوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ۔