حلقہ این اے65چکوال،کاغذات نامزدگی آج جمع ہونگے

حلقہ این اے65چکوال،کاغذات نامزدگی آج جمع ہونگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)حلقہ این اے65 کے ضمنی الیکشن کیلئے آج 28اگست سے کاغذات نامزدگی داخل ہونا شروع ہوجائیں گے، اس حلقے کے بڑے کھلاڑی سردار غلام عباس فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد واپس وطن پہنچ چکے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ وہ فوراً لاہور روانہ ہوگئے ہیں جہاں پر وہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی سے ضمنی الیکشن کے حوالے سے فیصلہ کن مذاکرات کریں گے۔ سردار غلام عباس گروپ کا بڑا دباؤ ہے کہ سردار غلام عباس اس حلقے سے خود الیکشن میں حصہ لیں جبکہ مسلم لیگ ق نے پاکستان تحریک انصاف کی ہائی کمان کیساتھ مشاورت کے بعد چوہدری شجاعت حسین کو امیدوار نامزد کردیا ہے۔ سردار غلام عباس کا اس حلقے میں اپنا ایک ذاتی مضبوط ووٹ بینک ہے جبکہ نیچے رکن پنجاب اسمبلی کی نشست پر سردار آفتاب اکبر جو کہ سردار غلام عباس کے بھتیجے ہیں77ہزار سے زائد ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں۔ سردار غلام عباس کی حمایت اس ضمنی الیکشن میں بڑی اہم ہے، جبکہ دوسری طرف سپریم کورٹ نے 25جولائی کے انتخابات میں سردار غلام عباس کو نااہل قرار دے رکھا ہے۔ اس حوالے سے سردار غلام عباس کی یقینی طور پر کوشش اور خواہش ہے کہ وہ انتخابی عمل میں شریک ہوں تاکہ ان کی اہلیت کے حوالے سے جو کمی بیشی تھی وہ انہوں نے پوری کر لی ہے لہٰذا یہ بات یقینی ہے کہ وہ اپنے کاغذات نامزدگی بہرحال حلقہ این اے65پر ہر صورت داخل کرائیں گے۔ اُدھر مسلم لیگ ن نے 25جولائی کے الیکشن میں ایک لاکھ چھ ہزار ووٹ حاصل کرنے والے اپنے امیدوار سردار فیض ٹمن کو ہی ضمنی الیکشن کیلئے برقرار رکھا ہے اورمیاں شہباز شریف نے انہیں پارٹی ٹکٹ بھی جاری کردیا ہے۔ تاہم متحدہ اپوزیشن کی طرف سے اس ضمنی الیکشن کے حوالے سے ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے ،معلوم ہوا ہے کہ ملک سلیم اقبال اور شہریار اعوان تمام اپوزیشن جماعتوں کو جلد ہی اکٹھا کرنے کی کوشش میں ہیں ، تحریک لبیک پاکستان نے 25جولائی کے الیکشن میں23ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں اور مسلم لیگ ن نے تحریک لبیک پاکستان کیساتھ معاملات طے کر لیے تو پھر یقینی طور پر یقینی طور پر چوہدری شجاعت حسین کیلئے شدید مشکلات ہونگی۔