تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شاہ محمد نے وزارت نہ ملنے پر فارورڈ بلاک بنالیا

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شاہ محمد نے وزارت نہ ملنے پر فارورڈ بلاک بنالیا
تحریک انصاف کے رکن اسمبلی شاہ محمد نے وزارت نہ ملنے پر فارورڈ بلاک بنالیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شاہ محمد نے وزارت نہ ملنے پر فارورڈ بلاک بنالیا ہے، دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فارورڈ بلاک میں 11 ارکان شامل ہیں اور ہوسکتا ہے کہ یہ ارکان صدارتی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی کو ووٹ کاسٹ نہ کریں۔
روزنامہ 92 نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ بنوں سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی شاہ محمد کو وزیر نہ لینے پر تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک سامنے آگیا ،شاہ محمد کے مطابق ان کی وزارت کی راہ میں پی ٹی آئی کے اندر گروپ کے ایک سربراہ حائل ہیں جنہوں نے ان کے وزیر بننے کی نہ صرف مخالفت کی بلکہ قیادت کو انہیں وزیر بنانے سے روک بھی دیا تھا۔
رکن صوبائی اسمبلی شاہ محمد نے دیگر ہم خیال اور ناراض ارکان صوبائی اسمبلی کو ساتھ ملا لیا ہے۔ تین ایم پی ایز اور ایک ایم این اے پر مشتمل اس گروپ کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس 11 ارکان اسمبلی موجود ہیں جبکہ متعدد ارکان قومی اسمبلی نے بھی انہیں حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیر کے روز پشاور میں اس فارورڈ بلاک کے ارکان کا اجلاس ہوا جس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ تحفظات دور نہ کرنے کی صورت میں وہ صدارتی انتخابات میں ووٹ پول نہیں کریں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاہ محمد خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دیگر ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے خیبر پختونخوا کی 15 رکنی کابینہ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں شاہ محمد کو مشیر ٹرانسپورٹ کا عہدہ دیا گیا تھا تاہم انہوں نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔