’ہم تمہاری حمایت چھوڑ دیں گے اگر۔۔۔‘ امریکہ نے سعودی عرب کو انتہائی سنگین دھمکی دے دی

’ہم تمہاری حمایت چھوڑ دیں گے اگر۔۔۔‘ امریکہ نے سعودی عرب کو انتہائی سنگین ...
’ہم تمہاری حمایت چھوڑ دیں گے اگر۔۔۔‘ امریکہ نے سعودی عرب کو انتہائی سنگین دھمکی دے دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کی جنگ میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر دیگر مغربی ممالک کی جانب سے تو سعودی عرب کو تنقید کا نشانہ بنایا ہی جارہا تھا لیکن ایک حالیہ فضائی حملے میں 40بچوں کی موت کا خوفناک واقعہ پیش آنے کے بعد سعودی عرب کے سب سے بڑے حمایتی اور اتحادی امریکہ نے بھی تعاون ختم کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
امریکی ٹی وی ”سی این این“ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے سعودی عرب کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ یمنی باغیوں کے خلاف جنگ میں فضائی حملوں کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں کو محدود کیا جائے ورنہ امریکہ سعودی عرب کی عسکری و انٹیلی جنس مدد کم کرنے پر غور کرسکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یمن کی جنگ میں عام شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے باعث امریکہ میں مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔ خاص طور پر وزیر دفاع جیمز میٹس اور جنرل جوزف ووٹل، جو کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے فوجی آپریشنز کے سربراہ ہیں، اس بات پر متفکر ہیں کہ امریکہ ایک ایسی سعودی مہم کی حمایت کررہا ہے جس میں اب تک عام شہریوں کی بڑی تعداد ہلاک ہوچکی ہے۔
سعودی عرب کے لئے عسکری و انٹیلی جنس سپورٹ کم کرنے کی وارننگ دفاعی حکام کی جانب سے دی گئی ہے تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کو قریبی اتحادی سمجھتے ہیں اور یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ عسکری و انٹیلی جنس سپورٹ کم کرنے کی تجویز سے وہ اتفاق کریں گے یا نہیں۔