صنعتوں کے قیام کیلئے صنعتکاروں کو مراعات دینگے،اکرام اللہ دھاریجو

صنعتوں کے قیام کیلئے صنعتکاروں کو مراعات دینگے،اکرام اللہ دھاریجو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صنعتکاروں کو صوبے میں صنعتوں کے قیام کے لئے مراعات فراہم کرے گی اور بہت جلد اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اور صنعتکاروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ . یہ بات انہوں نے منگل کو سندھ سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ڈی ایس ایس آئی سی ڈاکٹر ثروت فہیم، چیف انجینئر محمد عاطف غیاث، ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر راشدہ حفیظ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ثروت فہیم نے بتایا کہ سندھ میں 22 صنعتی اسٹیٹ ہیں، جن میں تقریبا تین ہزار پانچ سو پلاٹ ہیں،ان میں سے 412 پلاٹ ابھی الاٹ کیے جانے ہیں۔ وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ جام اکرام اللہ دھاریجو نے ان سے صنعتکاروں کو حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت کی کہ وہ صوبے میں نئی انڈسٹریز خاص طور پر زراعت پر مبنی، سنگ مرمر، پلاسٹک پائپ تیار کرنے والے صنعتی یونٹوں کو قائم کریں۔ انہوں نے بعض صنعتی اسٹیٹس میں امن و امان کی صورتحال کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے مقامی پولیس سے تعاون کرنے اور ریونیو بڑھانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا، 'وقت پر تنخواہ دینے کے لئے بھی اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ ملازمین دل جمعی کے ساتھ کام کرسکیں '۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کو بھی سختی سے نافذ کیا جانا چاہئے تاکہ ملازمین کی باقاعدگی اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جاسکے، انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ صوبائی وزیر انڈسٹری اینڈ کامرس اینڈ کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ جام اکرام اللہ دھاریجو نے صنعتوں فروغ کے لئے آگہی سیمینارز کا اہتمام کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ جو افراد نیا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں ان کی رہنمائی کی جاسکے۔ انہوں نے ایسے صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی ہدایت کی، جنہیں ابھی تک استعمال نہیں کیا گیا ہے اور ایک خاص مدت سے خالی پڑے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ جام اکرام اللہ دھاریجو نے اس تجویز پر اتفاق کیا کہ صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں قسطوں میں ان کے واجبات اور سہولیات جمع کروانے کی سہولت دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -