حکومت نے لوگوں کی امیدوں اور خوابوں کا قتل عام کیا ہے،ڈاکٹر فرید پراچہ

    حکومت نے لوگوں کی امیدوں اور خوابوں کا قتل عام کیا ہے،ڈاکٹر فرید پراچہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے دعووں کے برعکس لوگوں کی امیدوں اور خوابوں کا قتل عام کیا ہے جو ناقابل معافی جرم ہے، مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ سے لوگ تنگ آمد بجنگ آمد تک پہنچے ہوئے ہیں، حکمرانوں نے اللہ کی بجائے آئی ایم ایف کی غلامی اور عوام کی بجائے غیروں کو خوش کرنے والی پالیسیوں کو ترک نہ کیا تو عوام ردعمل کے طور پر ایک بڑی تحریک کو جنم دے سکتے ہیں۔یکم ستمبرکو کراچی میں تاریخی آزادی کشمیرمارچ عوامی جذبات کی ترجمانی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیاسیل کے دورے کے موقع پر کیا،صوبائی امیر محمد حسین محنتی، نائب قیم مولانا عبدالقدوس احمدانی اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے مزید کہا کہ حکومت کا ایک سال مصیبتوں، دکھوں،پریشانیوں اور بے یقینی کا سال گذرا ہے، عوام سجھتے ہیں کہ صرف پارٹی تبدیل ہوئی ہے،جاگیردار، وڈیرے،سرمایہ دارآج بھی قوت کا مرکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام اور جہاد کشمیر کی پشتیبان ہے، ہم عہد کرتے ہیں کہ عالم اسلام کے حکمران چاہے مودی کو تحفے پہنچائیں یا میڈل دیں اور ہمارے حکمران جیسے بھی مصلحت کے پردوں میں چھپیں جماعت اسلامی کشمیری عوام کا ساتھ نہیں چھوڑے گی، ہم نہ صرف ان کی اخلاقی وسیاسی بلکہ ہر طرح کی تائید وحمایت جاری رکھیں گے۔آج بھی جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر میں ڈٹی ہوئی ہے، آج مظلوم کشمیریوں کی اگر کوئی امید کی کرن ہے تو وہ جماعت اسلامی کے کارکنان وقیادت ہے،پشاورکے بعد یکم ستمبرکو کراچی میں تاریخی کشمیرمارچ اسکی واضح مثال ہے۔